راولپنڈی: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا، ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دورہ کے موقع پر دل کے مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی وارڈ، سٹی سکین ، ایکسرے روم ، فلورو سکوپی اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے وی آئی پی وارڈ کو عام مریضوں کیلئے کھولنے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے استفسار کیا، مریضوں اور تیمارداروں سے انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کی سہولت کے بارے بھی دریافت کیا۔
مریضوں اور تیمارداروں نے ہسپتال میں فراہم کردہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز اور عملہ خیال رکھتا ہے، ادویات بھی ہسپتال سے ملتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں علاج معالجے کی معیاری سہولتیں دیکھ کر خوشی ہوئی، یہ ہسپتال دل کے مریضوں کے لئے اچھی علاج گاہ ہے، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کو سراہتا ہوں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہسپتال کے لئے فنڈز اور دیگر درکار ضرورتوں کو پورا کیا جائے گا۔