لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور کے تاریخی دروازوں سے تجاوزات ہٹانے کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں لاہور کے 12 تاریخی دروازوں کی بحالی کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں مقبرہ نور جہاں اورمقبرہ جہانگیر کے پاس گریٹر اقبال پارک کی طرز پر پارک بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔
محسن نقوی نے لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کو تاریخی دروازوں کی بحالی کیلئے ٹائم لائن دے دی، لاہوروالڈ سٹی اتھارٹی کے ماہرین ریسرچ کے بعد ڈیزائننگ اور پراجیکٹ تیار کریں گے، ٹیکسالی، لوہاری، شاہ عالم، موچی، اکبری، دہلی، یکی گیٹ، روشنائی، شیراں والا، مستی گیٹ اور دیگردروازوں کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے تاریخی دروازوں کے اردگرد تجاوزات ختم کرنے اور تاریخی عمارتوں پر وال چاکنگ اور بینرز فوراً ہٹانے کا بھی حکم دیا۔
محسن نقوی نے شاہی قلعہ کے بالمقابل مریم زمانی بیگم مسجد کی بحالی اور تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخی مقامات کے پاس بجلی کے تار زیر زمین کرنے کیلئے لیسکو سے رجوع کیا جائے گا۔