پاکستان پر حملہ آورایک اور افغان دہشتگرد بے نقاب

Published On 21 April,2024 03:34 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز ) پاکستان پر حملہ آورایک اور افغان دہشتگرد بے نقاب ہو گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق حال ہی میں شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان میں 7 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں میں 1 افغان باشندہ نکلا جس کی شناخت ملک الدین مصباح کے نام سے ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد ملک الدین مصباح افغانستان کے صوبے پکتیکا کا رہائشی تھا، ماضی میں بھی پاکستان میں دہشت گردی کے بے شمار واقعات افغانستان سے ہوئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ٹی ٹی پی کے دہشت گرد قاری امجد اور حافظ گل بہادر اس وقت افغانستان میں ہیں، افغان شہری بھی ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے ساتھ شامل ہو کر پاکستان پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔

اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان میں دہشتگردی کی واحد وجہ افغانستان کی سرزمین سے دہشت گردوں کی دراندازی ہے، پاکستان کی سرتوڑ کوششوں سے افغان طالبان کی جانب سے اس حوالے سے وعدے تو کیے گئے مگر ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائی کے حوالے سے کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی ، باوجود اس کے کہ دہشتگردوں کے تمام ٹھکانے افغان طالبان کے علم میں ہیں۔

مگر وہ ان کے خلاف کوئی بھی ٹھوس کارروائی کرنے میں ناکام ہیں، افغان دہشتگرد ملک الدین مصباح کی ہلاکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر دہشتگردی کرنے کے لیے اب براہ راست افغان شہری ملوث ہو رہے ہیں جو کہ تشویش ناک پہلو ہے۔

یہ حقائق اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ افغان عبوری حکومت نہ صرف دہشتگردوں کو مسلح کر رہی ہے بلکہ ٹی ٹی پی کےساتھ اپنے شہریوں کو بھی پاکستان پر حملے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔