کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، 24 گھنٹے کے دوران مزید 5 بچے جاں بحق ہو گئے۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق بلو چستان میں مون سون کی بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 39 ہوگئی، جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور 24 بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 18 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمیوں میں 1 خاتون اور 14 بچے شامل ہیں، بلوچستان میں یکم جولائی سے اب تک 1 لاکھ 12 ہزار 256 افراد متاثر ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں سے 910 مکانات مکمل منہدم جبکہ 14 ہزار 223 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے، سیلابی صورتحال سے 59 ہزار 569 ایکڑ پر فصلیں اور 179 کلومیٹر سڑکیں متاثر ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق طوفانی بارشوں کے باعث 7 پلوں کو نقصان پہنچا، صوبے میں بارشوں کے دوران 473 مویشی ہلاک ہوئے، موسلا دھار بارشوں کے دوران جعفر آباد کے 3 ، لورالائی اور کچھی کا 1، 1 ہیلتھ یونٹ متاثرہوا۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران زیارت میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، لورالائی میں 14 ملی میٹر قلات میں 13 اور بار کھارن میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔