راولپنڈی: (دنیا نیوز) یوم دفاع کے موقع پر شہداء کے ورثاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر کا دن پاکستان کی تاریخ کا وہ سنہرا باب ہے جب پاک فوج نے دشمن کے بزدلانہ حملے کو ناکام بناتے ہوئے شکست کا مزا چکھایا۔
یوم دفاع کے موقع پر 1965ء کے تاریخ ساز معرکے میں شہید ہونے والے سپاہی محمد حلیم شہید کے بھائی نے کہا کہ ہمارے جوانوں نے دشمن کی جانب سے گھپ اندھیرے میں کئے جانے والے وار کا بہادری سے مقابلہ کیا، ہمارے بہادر فوجی جوانوں نے اپنے سینوں پر بم باندھ کر دشمن کے ٹینکوں کو تباہ کیا، میں 1965ء کی جنگ کے شہیدوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
سپاہی شاہد احمد شہید کے چچا نے کہا کہ ہم یوم دفاع کو شہداء کی یاد میں عقیدت و احترام سے مناتے ہیں، میں 1965ء کی جنگ کے شہداء سے لے کر آج تک دفاع وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
سپاہی آفتاب حسین شہید کے بھائی نے کہا کہ میں ہمارے شیردل جوانوں جنہوں نے دشمن کے ارادوں کو خاک ملایا خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
سپاہی وازر احمد شہید کے بھائی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی فوج کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے نہ کہ ان پر تنقید، لانس نائیک جاوید احمد شہید کے کزن نے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا وہ تابناک دن ہے جب پاک فوج نے بھارت کو شکست کا مزا چکھایا۔
حوالدار شفیق شہید کے بھائی نے کہا کہ ہم 6 ستمبر 1965ء کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور آج بھی ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔