لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے حساس اداروں کو شہریوں کی فون کالز کی ریکارڈنگ کی اجازت دینے کیخلاف درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے حساس اداروں کو شہریوں کی فون کالز کی ریکارڈ کی اجازت کیخلاف درخواست پر سماعت کی، درخواستگزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے؟ اگر سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے تو پھر ہمارا دائرہ اختیار نہیں ہے۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ میں اس نوعیت کا معاملہ زیر سماعت نہیں ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے چیف جسٹس سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک درخواست اور ہے، بہت سے معاملات پر لارجر بنچ بننے والے ہیں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ میرے آفس میں لارجر بنچ کے لیے 65 فائلیں پڑی ہیں۔
بعدا زاں عدالت عالیہ نے حساس اداروں کو شہریوں کی فون کالز کی ریکارڈ کی اجازت کیخلاف درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔