پشاور: (دنیانیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کاکہنا ہے کہ جعلی حکومت نے کل پھر 9 مئی کا پلان بنایا تھا مگر ہمارے پرامن کارکنوں نے ناکام بنادیا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ایک بیان میں کہا کہ جعلی حکومت نے کل پھر 9 مئی کا پلان بنایا تھا مگر ہمارے پرامن کارکنوں نے ناکام بنادیا، پرامن کارکنوں پر شیلنگ کی گئی اور لاٹھیاں برسائی گئی، متعین کردہ راستوں کو بند کرکے کارکنوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس پر پتھراو کی جھوٹی کہانی بھی گھڑی گئی، اشتعال دلانے کا مقصد پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں پر جھوٹی ایف آئی آرز اور آئندہ این او سی نہ دینے کا بہانہ بنانا تھا، پی ٹی رہنماوں اور کارکنوں نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا، میں نے ہفتے کے دن صبح ہی کارکنوں کو جلسے کی کامیابی کی مبارکباد دی تھی کیونکہ جعلی حکومت پر شدید خوف طاری تھا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ کل کے جلسے سے ثابت ہوا کہ جعلی حکومت کتنی حواس باختہ ہوچکی ہے، عوام کا سمندر جعلی حکومت کے خلاف ریفرنڈم تھا، تمام تر رکاوٹوں کے باوجود عوام نے جلسے میں بھرپور شرکت کی، جعلی حکومت نے اپنے متعین کردہ راستوں کو بھی بند کیا، متعین کردہ راستوں کی بندش کیوجہ سے ہزاروں کی تعداد میں کارکن جلسہ گاہ نہیں پہنچے۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ یہ جعلی حکومت اپنی نااہلی کیوجہ سے گریں گی، عوام کا سمندر دیکھ کر ان کے اوسان خطا ہوگئے، وزیراعلی علی امین گنڈاپور عظیم الشان قافلے کے ساتھ جلسے میں شریک ہوئے، علی امین کی قیادت میں خیبر پختون خوا سے کثیر تعداد میں عوام نے جلسے میں شرکت کی۔