پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے ایوانوں میں رات بھر لاقانونیت راج کرتی رہی۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کل رات جعلی حکومت نے جمہوریت کا جنازہ بڑی دھوم دھام سے نکال دیا، جعلی حکومت جتنی بھی فسطائیت کرے، پی ٹی آئی ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، جعلی حکومت کی فسطائیت پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کو مزید تقویت بخشتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ایوانوں میں رات بھر لاقانونیت راج کرتی رہی، پارلیمنٹ پر شب خون مار کر بے توقیری کی گئی، پارلیمنٹ سے معزز اراکین کو اٹھاتے رہے جبکہ سپیکر ہاتھوں پہ ہاتھ رکھ کر تماشا دیکھتے رہے، کل رات جوا ہوا وہ کبھی بدترین ڈکٹیٹرشپ میں بھی نہیں ہوا ہے۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے معزز وکلاء اور اراکین پارلیمنٹ کو بے توقیری کے ساتھ اٹھایا گیا، ایک جلسے کی کامیابی سے بد حواسی کا یہ عالم ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔