راولپنڈی : (دنیانیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے علی امین گنڈاپور کی صحافیوں کے بارے میں گفتگو کو نامناسب قرار دے دیا۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی صحافیوں کے بارے گفتگو کی تائید نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو صحافیوں کے بارے میں ایسی گفتگو نہیں کرنی چاہیے تھی، علی امین گنڈاپور جوش خطابت میں بہت زیادہ بول گئے۔
یاد رہے کہ 8 ستمبر کو اسلام آباد میں ہونے والے جلسے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صحافیوں سے متعلق نازیبا زبان استعمال کی تھی جس پر صحافی برادری کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ کے پی کے رویے پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر نے معافی بھی مانگی تھی تاہم صحافیوں کی جانب سے علی امین گنڈا پور سے معافی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔