اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک کرائسز کا متحمل نہیں ہو سکتا، ملک کی سب سے بڑی جماعت کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ آج جو باتیں ہم یہاں کر رہے ہیں ہم نے سینیٹ کے ایوان میں کرنی تھیں، بدقسمتی سے سینیٹ کو مچھلی منڈی بنادیا گیا ہے، فارم 47 والے روزانہ ہمیں یاد دہانی کرواتے ہیں کہ حکومت جعلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے سازش کے تحت کورم کی نشاندہی کی، ہم نے ملک کی سکیورٹی صورتحال سے متعلق بات کرنی تھی، یہ جعلی ووٹوں سے بٹھائے گئے ہیں، یہ کسی معاملے پر بات ہی نہیں کرنے دے رہے، پارلیمان کوایک مفلوج ادارہ بنادیا گیا ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ حکومت جو قوانین بنا رہی یہ عوام کے مفاد میں نہیں ہیں، جوڈیشری اور پارلیمان کو کنٹرول کیا جارہا ہے، یہ ملک میں کیا تاثر دینا چاہتے ہیں؟ ملک اس کرائسز کا متحمل نہیں ہوسکتا،ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہاں بات سننے کا حوصلہ نہیں ہے،کیسے ملکی معاملات چلیں گے؟ ہم نے کوشش کی ہے کہ سیاسی جدوجہد کو پر امن رکھیں، ہم آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے اقدامات لے رہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کو ظلم و جبر کا سامنا ہے۔