اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کا اجلاس آج 3 بجے طلب کر لیا گیا، اس سلسلہ میں قومی اسمبلی کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا، اس سلسلہ میں اتحادیوں کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔
ایجنڈے میں آئینی ترمیم اور قانون سازی سے متعلق کوئی ایجنڈا شامل نہیں، حکومت کی جانب سے ضمنی ایجنڈا کے طور پر آئینی ترمیم اور قانون سازی کی تحریک پیش کئے جانے کا امکان ہے۔
ہفتے کو خصوصی اجلاس بلا کر جمعے کے روز والا ایجنڈا ہی جاری کیا گیا ہے، ایجنڈے میں آئی پی پیز کو کپیسٹی پیمنٹ اور ادائیگیوں سے متعلق ایم کیو ایم کا توجہ دلاؤ نوٹس شامل ہے۔
6 نکاتی ایجنڈے میں پاکستان ترقی معدنیات کارپوریشن کی مجوزہ نجکاری سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہے۔
دوسری جانب حکومت نے اتحادی اراکین قومی اسمبلی و سینیٹرز کو مطلع کر دیا کہ کل ایوان میں اہم قانون سازی متوقع ہے، حاضری یقینی بنائی جائے، اتحادیوں کو پیغام سینیٹر اسحاق ڈار کے چیمبر سے دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے تاحال اتحادی اراکین کو قانون سازی کی نوعیت سے آگاہ نہیں کیا گیا، اہم حلقوں نے جے یو آئی ف اراکین سے بھی رابطے کئے ہیں۔