اسلام آباد: (دنیا نیوز) کابینہ ڈویژن نے توشہ خانہ میں موصول تحائف کی قیمتوں کا تخمینہ لگانے کا فیصلہ کر لیا۔
کابینہ ڈویژن نے توشہ خانہ میں موصول تحائف کی قیمتوں کا تخمینہ لگانے کے لیے 30 ستمبر تک نجی تخمینہ کاروں سے بولیاں طلب کر لی ہیں، بولیاں 30 ستمبر کو ہی کھولی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق توشہ خانہ میں موصول مختلف کیٹیگریز کے تحائف کی قیمتوں کا تخمینہ لگایا جائے گا، زیورات، گھڑیاں اور کارپٹس سمیت دیگر موصول تحائف کی قدر معلوم کی جائے گی۔
کابینہ ڈویژن کامیاب تخمینہ کاروں کے ساتھ معاہدہ کرے گی، کامیاب اپریزرز کو تحائف کے تخمینوں کیلئے چارجز ادا کیے جائیں گے اور چارجز کی ادائیگی کیلئے بھی فارمولہ وضع کر دیا گیا ہے۔
biding-DOC-9-9-2024 by saaeedabbasi
تخمینہ کاروں کی اہلیت کیلئے بھی مارکس رکھے گئے ہیں جن کی بنیاد پر ان کا انتخاب کیا جائے گا، ریاست کی ملکیتی توشہ خانہ کے تحائف صرف سیاسی عہدے داروں، بیوروکریسی جس میں سویلین اور ملٹری دونوں اور اعلیٰ عدلیہ کے ججوں میں فروخت کیلئے دستیاب ہوتے ہیں لیکن اگر کوئی تحفہ خریداری سے رہ جائے تو وہ عوام میں فروخت کے لیے نیلام کیا جاتا ہے۔
سرکاری پالیسی کے مطابق ہر ملنے والے تحفے کے متعلق حکومت کو مطلع کرنا اور اسے توشہ خانے میں جمع کرانا لازمی ہے۔