اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے جو مسودہ سامنے آیا ہے اس پر تو کوئی بھی اتفاق نہیں کر سکتا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ کوئی مسودہ شیئر نہیں کیا گیا، ہمارا مطالبہ تھا قانون کا مسودہ ہمیں دیا جائے ہم اسے دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو مسودہ لیک ہوا ہے اس کے مطابق تو کوئی بھی بندہ ان کے ساتھ اتفاق رائے نہیں کر سکتا، یہ ججز کو ان کی مرضی کے خلاف ٹرانسفر کریں گے، اس کا مطلب ہے ججز کو جب مرضی ٹرانسفر کر دیا جائے گا، اگر کوئی جج نہیں جاتا تو اس سے استعفیٰ لے لیا جائے گا، عدلیہ پر قدغن لگ جائے گی۔
بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے سارے اختیارات لیے جا رہے ہیں، متوازی عدالتیں کیسے چلیں گی، آئینی ترامیم کے معاملے پر سب جماعتوں کو آن بورڈ لیا جانا چاہیے تھا، اگر قانون کا ڈرافٹ نہیں ہے تو اتفاق رائے کس چیز پر پیدا کرنا ہے؟