اسلام آباد:(دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم کے معاملے پر جے یو آئی اور پی ٹی آئی کا مشترکہ موقف ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان اور عارف علوی کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر ظہرانے کے بعد اسد قیصر کا میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترامیم کے معاملے پر جے یو آئی اورپی ٹی آئی پارلیمنٹ کےاندرجو کریں گےملکر کریں گے، کل لاہورمیں وکلا کا بہت بڑا کنونشن ہورہا ہے، اس وکلا کنونشن کی تجاویز بھی سامنے رکھیں گے، مولانا نے کہا ہے کہ مسودے کو مکمل مسترد کردیا ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت نےآئینی ترامیم کو اپنے پارلیمنٹرینز سے بھی چھپایا، پارلیمنٹ کا حق ہے جو بھی قانون سازی کریں اس پر اوپن ڈبیٹ ہونی چاہیے، یہ پارلیمنٹ جعلی طور پر بنی ہے، جے یو آئی کے ساتھ مشاورت سے معاملات آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ طے ہوا ہے جو بھی آئینی ترامیم ہو گی اس پر ہمارا مشترکہ موقف ہوگا، یہ چوری، ڈاکہ زنی ہوسکتی ہے قانون سازی نہیں، اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہو کر آواز اٹھانا ہو گی۔