اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مخصوص نشستوں سے متعلق خط چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو لکھا۔
چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بحیثیتِ سپیکر قومی اسمبلی پارلیمان کے تقدس اور خودمختاری کے اہم مسلئے پر بات کرنا چاہوں گا، پارلیمانی نظام کی خودمختاری اور وقار کو برقرار رکھنے کیلئے پارلیمانی اصولوں پر عمل کرنا بے حد ضروری ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ترمیمی الیکشن ایکٹ کے تحت کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے والا آزاد رکن اب پارٹی تبدیل نہیں کر سکتا، ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ کا اطلاق 2017 سے کیا گیا ہے، ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ پر عمل درآمد الیکشن کمیشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے خط میں سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کے فیصلے کا حوالہ بھی دیا۔