اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی ترجمان شازی مری نے کہا ہے کہ عمر ایوب پیپلزپارٹی کو جمہوریت اور اس کی اقدار نہ سکھائیں۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پی پی ترجمان شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی جمہوریت کیلئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، مارشل لاء کا خواب دیکھنے والے شکست خوردہ رہیں گے، سیاسی مکالمے سے آمروں کے پیروکار پریشان ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے پارٹی منشور کے تحت آئینی اصلاحات پر کام کر رہے ہیں، بلاول بھٹو کو اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کا انصاف لینےمیں پچاس سال لگے، عام پاکستانی کوانصاف کےحصول کیلئے کتنا ٹائم لگے گا اس کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں آنےوالےدس فیصد کیسزآئینی ہوتے ہیں مگر وہ نوے فیصد ٹائم لےجاتے ہیں، پیپلزپارٹی چاہتی ہے ہائی کورٹ ہو یا سپریم کورٹ اس میں عام آدمی کوجلد ریلیف ملے، بلاول بھٹو چاہتےہیں کہ چارٹرآف ڈیموکریسی پرعملدرآمد ہو۔
پی پی پی رہنما نے کہا کہ ماضی میں بھی پیپلزپارٹی نےدوتہائی اکثریت نہ ہونے کے باوجود ڈائیلاگ کے ذریعےسب کوساتھ ملا کر ترامیم کی ہیں، بلاول بھٹو چاہتے ہیں ملک میں عدالتی اصلاحات کیلئےسب کوساتھ ملاکرچارٹرآف ڈیموکریسی پرعمل کریں، چیئرمین پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سیاسی مذاکرات پرزوردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک نفرت یا عداوت کامتحمل نہیں، سب کومتحد ہو کر کام کرنا ہو گا، ہم اسمبلی کا ماحول عوامی مسائل کے حل کے لیے سازگار کرنا چاہتے ہیں، ترامیم باہمی اتفاق رائے سے لائی جائیں تو بہتر ہوگا، پیپلز پارٹی نے اتفاق رائے کی بات کی تو کیا غلط کیا؟
انہوں نے مزید کہا کہ ڈرافٹ جتنے بھی ہوں سیاسی جماعتوں کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے، عمر ایوب بتائیں اب تک انہوں نے کتنی پارٹیاں بدلی ہیں اور کتنے بیانیے تبدیل کئے ہیں؟ عمر ایوب جس پارٹی میں جاتے ہیں اسے پہلے گالی دیتے ہیں اور شامل ہو کر قصیدے پڑھتے ہیں۔