کراچی :(دنیا نیوز) سربراہ جے یو آئی( ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آئین پر عمل نہ کرنے سے ملک کا ہر ادارہ کمزور ہو رہا ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی استحکام ہے، نہ معاشی، ملک میں آئین محفوظ ہے، نہ ادارے، دنیا ہمارے ساتھ کاروبار کرنے کو تیار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک عدم استحکام اور کمزوری کی طرف جا رہاہے، جدید ٹیکنالوجی میں بزنس کمیونٹی کی دلچسپی پر خوشی ہے، آئی ٹی کے شعبے سے ریونیو بڑھایا جاسکتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دنیا ہمارے ساتھ کاروبار کرنے کے لئے آمادہ نہیں، ہماری معیشت بھی ٹھیک نہیں، آئین پر عمل نہ کرنے سے ملک کا ہر ادارہ کمزور ہو رہا ہے، آئین پر عملدرآمد نہ ہونے سے مشکلات میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم عدلیہ سمیت تمام اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، بدقسمتی ہے ہم خوشحالی سے دور ہورہے ہیں، پرامن شہری خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں، کہیں مسلح گروہ ہیں تو کہیں سٹریٹ کرائم ہیں، ملک میں بے چینی کی کیفیت ہے۔
قبل ازیں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفد کے ہمراہ جامعہ بنوری ٹاؤن کا دورہ کیا اور شیخ الحدیث مولانا انور بدخشانی مرحوم کے انتقال پر تعزیت کی اور کہا کہ مولانا بدخشانی مرحوم کی رحلت سے علم کا ایک باب بند ہوگیا۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحما ن کے ساتھ وفد میں مولانا راشد سومرو اور قاری محمد عثمان موجود تھے۔