پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج سیاحت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

Published On 27 September,2024 09:49 am

اسلام آباد: (فوزیہ علی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج سیاحت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

سیاحت کا یہ عالمی دن ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کونسل کی سفارشات پر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی قرارداد کے مطابق 1970ء سے منایا جا رہا ہے۔

تاریخی اور مذہبی سیاحتی مقامات، قدرت کے حسیں مناظر سے مالامال پاکستان دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔

سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے بڑا اقدام اٹھائے ہوئے اوپن ویزا پالیسی کے تحت 126 ممالک کے سیاحوں کو 48 گھنٹے میں مفت ویزا کی سہولت میسر ہے، پاکستان میں رواں برس اندرون ملک سیاحت میں 30 سے 40 فیصد اضافہ دیکھا گیا جبکہ بیرون ملک سے آنے والے سیاح ملکی معیشت میں 1.6 ملین امریکی ڈالر کا حصہ ڈال رہے ہیں۔

رواں سال سیاحت کا عالمی دن ٹورزم اینڈ پیس کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، اسی مناسبت سے اسلام باد میں بین الاقوامی ٹورزم انوسٹمنٹ ایکسپو کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے سیاحت سے وابستہ کمپنیوں اور افراد نے شرکت کی اور پاکستان میں سیاحت و ثقافت کے فروغ کےعزم کا اظہار کیا۔

ایکسپو میں ملائیشیا، ترکمانستان، آذربائیجان سمیت مختلف سفارتخانوں نے بھی شرکت کی اور اپنی سیاحت سے روشناس کروایا۔