اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ممتاز اسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی، وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ان کا خیر مقدم کیا۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے کہ آپ نے دنیا کو اسلام کے صحیح تشخص سے روشناس کرایا، یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ آپ کے سامعین میں ایک بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کے لیکچرز بہت شوق سے سنتا ہوں جو کہ انتہائی پُرمعز اور تاثیر سے بھرپور ہوتے ہیں ،اسلام امن کا دین ہے اور آپ اسلام کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچا کر ایک انتہائی اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں، مجھے یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی کہ آپ کا بیٹا بھی آپ کے نقش قدم پر چل کر دین اسلام کی خدمت کر رہا ہے ۔
محمد شہبازشریف نے اپنی گفتگو میں 2006 میں ممتاز اسلامی سکالز ڈاکٹر ذاکر نائیک سے اپنی پہلی ملاقات کا بھی ذکر کیا۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے وزیر اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 1991 میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا اور ابھی تک اس کی یادیں تازہ ہیں، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پہ بنا، اسلام ایک مکمل ضابطہء حیات ہے جو ہمیں ہر معاملے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم کا دوران گفتگو ڈاکٹر ذاکر نائیک سے کہنا تھا کہ اگر ہم اسلام کے راستے پر چلیں گے تو کامیاب ہوں گے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا مزید کہنا تھا کہ میرا یہی مشن ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں، انہوں نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ وہ اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی لیکچرز دیں گے۔