لاہور : (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے 2014 میں دیئے گئے دھرنے کے خلاف درخواستیں 10سال بعد سماعت کے لیے مقرر کرلی گئیں ۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پرانے مقدمات کو نمٹانے کے لیے بھی اقدامات کررہی ہیں، تحریک انصاف کے دھرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواستیں دس سال سے زیر التوا ہیں ۔
چیف جسٹس کے حکم پر ان درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ 10اکتوبر کو سماعت کرے گا ۔
بنچ کے د یگر ارکان میں جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس طارق ندیم شامل ہیں، رجسٹرار آفس کی جانب سے کاز لسٹ جاری کردی گئی۔
28 اپریل 2014 میں پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کیخلاف درخواست دائر کرنے والے وکیل اے کے ڈوگر انتقال کر چکے ہیں، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود عمران خان اور طاہر القادری نے ن لیگ حکومت کیخلاف لاہور سے مارچ شروع کیا تھا اور اسلام آباد میں دھرنا دیا تھا، دونوں رہنماؤں نے طویل دھرنا دے کر توہینِ عدالت کی لہٰذا عدالت انکے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔
واضح رہے کہ 2014ء میں پاکستان تحریک انصاف بانی عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کیخلاف درخواستیں بھی اے کے ڈوگر و دیگران نے دائر کیں تھیں،درخواستوں میں عوامی تحریک، جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کو فریق بنایا گیا تھا۔