اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی 24 گھنٹے بعد ڈرامائی واپسی پر کہنا ہے کہ حکومتی موقف سچ اورعلی امین گنڈاپور کے اغوا کا جھوٹ سامنے آگیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ کا گنڈاپور کی واپسی کے بعد جاری ایک بیان میں کہنا تھا کہ بنیادی سوال ہےکہ علی امین گنڈا پورپچھلے24گھنٹےکہاں تھے؟ بتانا ہوگا کہ علی امین گنڈا پورنےیہ ڈرامہ کیوں رچایا؟، علی امین گنڈاپور ایک غیرذمہ دار شخص ہیں، وہ اپنے ساتھیوں کو چھوڑ کر بھاگ گئے تھے، انہوں نے ریسٹ ہاؤس میں پناہ لی اور پھر فرار ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ان سےلوگ اکٹھےنہیں ہوئے، حکومت کا موقف سچ ثابت ہوا ہے، تحریک انتشارکا مکروہ چہرہ قوم نےدیکھ لیا، انہوں نےزندگی میں کبھی سچ نہیں بولا، کبھی حکومت،کبھی فوج پراغوا کا الزام لگایا گیا، کھودا پہاڑنکلا چوہا۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے پاکستان کا امن وامان تباہ کرنے کی کوشش کی، باقاعدہ مہم چلائی گئی کہ علی امین کو اغوا کیا گیا، ان کا جھوٹ سب کے سامنے آ گیا ہے، ان کےمنصوبے ناکام ہوئے، یہ لوگ آئندہ بھی بےنقاب ہوں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ان کے خلاف تمام ثبوت ریکارڈ پر موجود ہیں، عمر ایوب، شاندانہ گلزار، بیرسٹر سیف اور دیگر کے بیانات کی قلعی کھل گئی ہے، تبدیلی کا جذبہ، تبدیلی کا جنون، انا للہ و انا لیہ راجعون۔