کراچی ایئرپورٹ کےقریب آئل ٹینکر میں دھماکہ، پولیس اہلکار سمیت 10 افراد زخمی

Published On 06 October,2024 11:24 pm

کراچی :(دنیا نیوز) کراچی ایئرپورٹ کے قریب آئل ٹینکر میں دھماکے سے پولیس اہلکار سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق دھماکے کی آواز ڈیفنس ،جمشید روڈ سمیت دور دور تک سنائی دی، دھماکے کی جگہ پر دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کے جوان موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے امدادی کارروائیاں کیں، دھماکے کے باعث ایئر پورٹ پر کھڑی کئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی آگ لگنے سے نقصان پہنچا جبکہ ریسکیو اہلکار اور فائر بریگیڈ کا عملہ رات گئے تک آگ بجھانے میں مصروف رہا۔

ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایئر پورٹ کے باہر ہوا، ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکہ آئل ٹینکر میں ہوا، انتظامیہ نے ایئر پورٹ جانے والے تمام راستے بند کردیئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس نے اطراف میں کھڑی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا جن میں آگ بھڑک اٹھی۔

سول ایوی ایشن ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایئر پورٹ کی تمام تنصیبات محفوظ رہیں۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار کا ایس ایس پی ملیر سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، انہوں نے ہدایت کی ہے کہ واقعہ کے متعلق تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس چیف سے رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے ہدایت کی کہ واقعہ سے متعلق مکمل آگاہی دی جائے۔