اسلام آباد: (دنیا نیوز) کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ کی ہدایت پر اسلام آباد میں ڈینگی کے پھیلاؤ کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس نے ایڈوائزری جاری کر دی۔
جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا کہ ڈینگی وائرس کا بنیادی ویکٹر ایڈیس ایجپٹائی جیسے مچھروں کی افزائش کیلئے کام کر سکتا ہے،حکام وائرس کے کسی بھی ممکنہ پھیلاؤ سے پہلے ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا کہ تمام رہائشی، تجارتی اور عوامی سہولیات کو کنٹینرز، گراؤنڈز یا کسی بھی مصنوعی ڈھانچے میں پانی جمع نہ رکھیں، جہاں پانی کھڑا ہو اور مچھروں کی افزائش گاہ بن جائے وہاں فوری مچھر مار سپرے کرایا جائے، ڈینگی سے متاثرہ شخص کو سر درد، جسم میں درد، بخار اور کمزوری ہونے لگتی ہے۔
اس حوالے سے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ کا کہنا تھا کہ انسداد ڈینگی کیلئے مربوط اور موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں، وزارت صحت انسداد ڈینگی کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کا عملہ انسداد ڈینگی کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنا رہا ہے، اسلام آباد میں مختلف جگہوں پر پانی جمع ہے جو ڈینگی کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔