سری لنکا میں کئی برسوں سے قید 56 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

Published On 07 October,2024 01:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سری لنکا میں کئی سالوں سے قید 56 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے۔

پاکستان پہنچنے والے افراد نے نم آنکھوں کے ساتھ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کی کاوشوں پر انہیں دعائیں دیں۔

اس موقع پر بزرگ خاتون نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا بہت شکریہ کہ ہم پاکستان واپس آ گئے، ہم یہ احسان زندگی بھر نہیں بھول سکتے۔

وطن واپس پہنچنے والے والے ایک شخص نے کہا کہ ہم جن حالات میں قید تھے شکر ہے کہ محسن نقوی اور عبدالعلیم خان کی کوششوں سے پاکستان پہنچ گئے ہیں، ایک اور قیدی نے بھی ایسے ہی جذبات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں کئی برسوں سے قید 5 خواتین اور 51 مرد قیدیوں کو چارٹرڈ طیارے کے ذریعے وطن واپس لایا گیا ہے۔

قبل ازیں وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی یقینی بنانے کے لیے ذاتی دلچسپی لی اور سری لنکن ہائی کمشنر کے ساتھ اس معاملے کو اٹھایا تھا۔