اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے مسئلہ فلسطین پر وزیراعظم کی جانب سے طلب کردہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نےا س حوالے سے کہا ہے کہ ہمیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت مل گئی ہے لیکن ہم نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے اپنا فیصلہ تبدیل کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پارٹی رہنما اور کارکن گرفتار ہیں اور ان حالات میں اے پی سی میں شرکت نہ کرنےکافیصلہ کیا ہے، اس وقت پی ٹی آئی کا کوئی مرکزی رہنما اسلام آباد میں موجود نہیں۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے فلسطین کی صورتحال پر آج ایوان صدر میں آل پارٹیز کانفرنس ہوگی جس میں وزیراعظم اور صدر مملکت سمیت اعلیٰ حکومتی حکام اور مختلف جماعتوں کے رہنما شریک ہوں گے۔
پی ٹی آئی نے پہلے اے پی سی میں شریک ہونے کا فیصلہ کیا تھا مگر اب فیصلہ تبدیل کرلیا ہے۔