کراچی: (دنیا نیوز) امریکی قونصل جنرل سکاٹ اربم کی سندھ اسمبلی آمد ہوئی، امریکی قونصل جنرل سکاٹ اربم نے پولیٹیکل افسرکے ہمراہ سپیکرسندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ سے ان کے دفترمیں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سندھ کی امن و امان کی صورتحال، گورننس، قانون سازی کے عمل کو مضبوط کرنا گفتگو کا مرکز رہا، سپیکر سید اویس قادر شاہ نے نوجوان اراکین اسمبلی کے لیے ان کی قانون سازی کی صلاحیتوں میں بہتری کے منصوبے شیئر کیے۔
قونصل جنرل نے اقلیتی اور نوجوان اراکینِ اسمبلی کے ساتھ ساتھ مخصوص نشستوں پر خواتین کی تربیت کے لیے امریکی مشن کے اقدامات کو اجاگر کیا، گفتگو میں مستقبل میں ثقافتی اور پارلیمانی ایکسچینج پروگراموں کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
سپیکرسید اویس قادرشاہ نے قونصل جنرل کو کابینہ کےاراکین کے ہمراہ تاریخی سندھ اسمبلی کی عمارت کا دورہ کرنے کی دعوت دی، سپیکر نے سندھ میں تعلیم، صحت اور ترقی کے شعبوں میں امریکی مشن کی معاونت کو سراہا۔
سپیکر سندھ اسمبلی نے امریکی قونصل جنرل کو سندھی ٹوپی، اجرک اور سندھ اسمبلی کی روایتی شیلڈ پیش کی۔