شمالی وزیر ستان: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں کارروائی کرتے ہوئے دو خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اور اس دوران سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دو خوارج جہنم واصل کر دیے گئے اور ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
ہلاک دہشت گردوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ خوارج سکیورٹی فورسز پر دہشت گردی کے حملوں اور علاقے میں بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں موجود کسی بھی خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔