اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے سمگلنگ کے خلاف کوششیں تیز کر دیں، سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
ایف بی آر کے مطابق وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے سمگلنگ کے انسداد کے لئے تمام سرکاری اداروں کو سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دے دی، سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کرنے کے لئے تین اکتوبر کو ایس آر او میں ترمیم کر دی گئی۔
ماضی میں سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں جرمانہ ادا کرکے چھڑا لی جاتی تھیں، ایس آر او میں ترمیم سمگلنگ کو ختم کرنے کے لئے حکومت کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق سمگلنگ کی وجہ سے عرصہ دراز سے ملک کی معیشت متاثر ہو رہی ہے، سمگلنگ میں ملوث گاڑیوں کو جرمانہ ادا کرکے چھڑانے کا آپشن ختم کر دیا گیا ہے، سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو ضبط کرکے مستقل طور پر بند کیا جائے گا۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس نئے اقدام کی بدولت پاکستان اپنی معاشی سرحدوں کو محفوظ بنانے کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے، حالیہ ترمیم ان اقدامات کا حصہ ہے جو ملکی معیشت کی سالمیت کے تحفظ کے لئے کئے جا رہے ہیں۔