لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک پروپیگنڈا جماعت ہے، تحریک انصاف نے پروپیگنڈا کیلئے باقاعدہ گروپ بنا رکھے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ان کے سوشل میڈیا صارفین اداروں کو دھمکاتے ہیں، یہ ہماری سوچ سے بھی زیادہ خطرناک اور سیانے ہیں، یہ کہتے ہیں ہمارے گھروں پر چھاپے مارے جاتے ہیں، پی ٹی آئی کے پروپیگنڈا سیل کو 500 سمز دی گئیں، یہ 500 سمز خدمت خلق نہیں، فساد کیلئے استعمال ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس ایک پروپیگنڈا سیل ہے، لوگوں کی توہین کرنے کیلئے پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا سیل استعمال ہوتا ہے، آج سب چیزیں عدالت کے سامنے پیش ہوئیں، اگر وہ خاتون بے قصور ہوتیں تو سامنے آ جاتیں، ہمارے کوئی فیک اکاؤنٹس نہیں ہیں، میں چاہتی ہوں جو میرے ساتھ ہوا وہ کسی اور خاتون کے ساتھ نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے بہتر کام کیا، چیف جسٹس صاحبہ نے بھی تعریف کی، اب اس کیس میں لیگل پروسیڈنگز شروع ہوں گی، اگر اے بی سی ڈی سے سیاسی انتقام لینا ہوتا تو عدالت نہ آتی، چپ کر کے لے لیتی کسی کو پتہ بھی نہ چلتا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مجھے ضرورت پڑی تو ہر ہائی کورٹ جاؤں گی، سپریم کورٹ جانے کیلئے بھی تیار ہوں، اس کیس کو منطقی انجام تک ضرور پہنچاؤں گی، تمام چیزوں کو رولز اینڈ ریگولیشن کے تحت ہونا چاہیے، برازیل میں بھی ایکس بند کر دیا گیا، اب ایکس رولز اینڈ ریگولیشن کے تحت برازیل میں کام کرے گا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آج کے پی کے ہاؤس کا بھی دوبارہ نام لیا گیا، کے پی کے ہاؤس میں ان لوگوں کو شیلٹر ملتا ہے، حکومت کے خلاف بغاوت اور جہاد کی ترغیب دی جاتی ہے، اسرائیل کے پیسوں پر ان کے بچے پل رہے ہیں، یہ اسرائیل کے خلاف تو نہیں جاسکتے نا، بھارتی وزیراعظم کو اپنے احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نےکہا کہ سعودی وفد آیا ہوا ہے، پاکستان میں ترقی آرہی ہے، اکنامک انڈیکیٹرز کہہ رہے ہیں کہ پاکستان میں مہنگائی کم ہو رہی ہے، میری وزیراعلیٰ نے آ کر باقی وزرائے اعلیٰ کو بتایا کہ روٹی کی قیمت کم ہونی ہے، یہاں روٹی کی قیمت کم اور باقی صوبوں میں بڑھ رہی ہے۔