کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دنیا بھر کی کمسن بچیوں کے تحفظ و ترقی کے کاز کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔
بچیوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے تھیم ’’لڑکیوں کا مستقبل کا وژن‘‘ کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ قدرت نے لڑکیوں کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، لڑکیوں کو خواب دیکھنے، قیادت کرنے اور بہتر مستقبل تشکیل دینے کے مواقع ملنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کی بچیاں کل کی معمار ہیں، ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ انہیں بہتر مواقع اور وسائل فراہم کریں۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ہمیں بچیوں کی آواز سننے اور ان کے خوابوں کی حمایت کرنے کی ضرورت ہے، لڑکیوں کے وژن پر سرمایہ کاری کر کے ہم سب کے لئے ایک مضبوط اور خوشحال مستقبل تخلیق کر سکتے ہیں۔