راولپنڈی: (دنیانیوز) ایس سی او سربراہی اجلاس کیلئے راولپنڈی پولیس نے سکیورٹی انتظامات کرلیے ، 3500 سے زائدافسران و اہلکار شہر میں سیکورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔
سی پی او خالد ہمدانی کے مطابق 700 کے قریب افسران و اہلکار ٹریفک مینجمنٹ کے فرائض سر انجام دیں گے ، روٹ اور گردو نواح میں پولیس موبائلز، ایلیٹ اور ڈولفن فورس کے دستے گشت کریں گےجبکہ روٹ کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے۔
سی پی او کاکہنا ہے کہ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذہے، کسی بھی غیر قانونی اجتماع یا ڈبل سواری پر پابندی ہو گی، ایونٹ کے لئے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، سیکورٹی کے لئے حکومتی احکامات اور ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا، تاجر برادری و تنظیموں کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔
گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کی تیاری کے سلسلے میں جڑواں شہروں میں سخت سکیورٹی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا، راولپنڈی کے چار ہسپتالوں کے لیے ہائی الرٹ بھی جاری کردیا گیا تھا۔