اسلام آباد: (دنیا نیوز) شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس کے موقع پر وزارت داخلہ کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو فول پروف سکیورٹی کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ کو اس بات کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے کہ اسلام آباد میں کوئی غیر قانونی احتجاج نہ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ایس سی اواجلاس میں شرکت کرنیوالے ممالک کے وفود کے سربراہوں کے نام جاری
خاص طور پر ایس سی او سربراہی اجلاس کے دوران کسی کو اسلام آباد کی حدود میں کسی غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔
اس حوالے سے وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر کوئی احتجاج یا لاک ڈاؤن نہیں ہوسکتا، ضلعی انتظامیہ فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔
وزارت داخلہ کے مطابق اس حوالے سے چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی کو مراسلہ لکھ دیا ہے، اس معاملے کو اولین ترجیح دی جائے اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔