اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کا معترف ہوگیا۔
بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی او اجلاس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، بھارت نے اس صدارت کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی مکمل حمایت فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسے وقت میں مل رہے ہیں جب دنیا بھر میں حالات پیچیدہ ہیں، ہم دنیا کے مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، دنیا میں بڑی جنگیں جاری ہے جس کے عالمی سطح پر خطرناک اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا نے دنیا میں ترقی پذیر ممالک کو تباہ کیا، موسمیاتی تبدیلیوں نے معاشی طور پر اثر انداز کیا، قرضوں کی وجہ سے ایس جی ڈیز گولز حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا ہے، قرضوں کا بوجھ سنگین مسئلہ ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے مزید کہا کہ ایس سی او کا مقصد ہے کہ وہ باہمی اعتماد کو تقویت دیں، دوستی کو فروغ دیں اور اچھے ہمسایوں کی طرح رہیں، ایس سی او کے چارٹر آرٹیکل ون میں ان تمام باتوں کا ذکر ہے، ضروری ہو چکا ہے کہ ہم ایماندارانہ بات چیت کریں، اگر اعتماد اور تعاون میں کمی ہے تو ان کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔