پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ کل بانی پی ٹی آئی عمران خان اور گرفتار کارکنان کی رہائی کیلئے بھرپور احتجاج کریں گے۔
پی ٹی آئی کارکنان کے نام اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ کل نماز جمعہ کے بعد ہر شہر میں بھرپور طریقے سے نکلنا ہے، ملک بھر میں پر امن احتجاج کرنا ہے، بانی پی ٹی آئی، ورکروں اور لیڈروں کی رہائی کےلیے احتجاج کرناہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی جارہی، عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کے خلاف بھی احتجاج کریں، آپ لوگوں نے نکل کر پر امن احتجاج کرنا ہے، ایک غیر آئینی ترامیم کی جارہی ہے اس کے خلاف بھی آواز اٹھانی ہے، آج آواز نہ اٹھائی تو ہماری نسلیں بھی ان حالات سے گزریں گی۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ جو اس وقت فیصلے کررہے ہیں ان کو پیغام دیتا ہوں ایسے فیصلے نہ کریں جو اس ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، آپ ان فیصلوں کے جوابدہ ہیں، آپ کو جواب دینا پڑےگا، ان فیصلوں سے ملک و قوم کے جو نقصانات ہو رہے ہیں اس کی ذمہ داری آپ پر عائد ہوگی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ حق اور سچ، حقیقی آزادی کیساتھ آئین کےتحفظ کےلیے کھڑے تھے کھڑے ہیں اور رہیں گے، بھرپور طریقے سے ملک کے ہر شہر میں پر امن احتجاج کی اپیل کررہا ہوں، دنیا کو پیغام دینا ہے کہ زندہ اور آزاد قوم ہیں اپنے حق کےلیے کھڑے ہیں۔