اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کا آج فوری اجلاس طلب کیا گیا جس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر غور کیا گیا۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم چیمبر میں ہوا، تمام وفاقی وزرا پارلیمنٹ میں وزیر اعظم کے چیمبر میں موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور اٹارنی جنرل منصور عثمان، اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ اور محسن نقوی بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود تھے۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ کابینہ کا اجلاس آج دوپہر ڈھائی بجے دوبارہ ہوگا، بعض تبدیلیوں کے بعد کابینہ سے ترمیمی بل کی منظوری آج لی جائے گی۔
دوسری جانب سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے تک ملتوی ہوگیا ہے جب کہ قومی اسمبلی کا اجلاس شام 6 بجے شیڈول ہے۔