اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان اور غزہ کیلئے امدادی سامان کے 2 ہوائی جہاز فوری بھیجنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت غزہ، فلسطین اور لبنان میں پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس کو لبنان و غزہ میں پاکستان کی جانب سے امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ پاکستان کی جانب سے غزہ و لبنان میں اسرائیلی جارحیت سے متاثرہ بہن بھائیوں کیلئے سردی سے بچانے والے ٹینٹس، کپڑے، کمبل، ادویات، اشیائے خورونوش بھجوائے جا رہے ہیں، اسرائیلی حملوں اور محاصروں کے باعث فلسطین اور لبنان کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی میں دشواری کا سامنا ہے۔
دوران بریفنگ مزید کہا گیا کہ جو این جی اوز غزہ اور لبنان کے متاثرین کیلئے رقم، امدادی سامان بھجوانا چاہتی ہیں انہیں امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے حکومت پاکستان کی جانب سے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے لبنان اور غزہ کیلئے امدادی سامان کے دو ہوائی جہاز فوری طور پر بھیجنے کی ہدایت کی اور کہا کہ زمینی راستے سے بھی ٹرکوں کے ذریعے امدادی سامان روانہ کیا جائے۔
شہباز شریف نے امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے فلسطین، لبنان، اردن اور مصر میں تعینات پاکستانی سفراء سے روابط مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ امداد مستحقین تک پہنچے۔
وزیراعظم نے امدادی سامان کی ترسیل کی رفتار تیز تر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام بالخصوص صاحب ثروت افراد بڑھ چڑھ کر وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ و میں عطیات جمع کروا کر اپنے فلسطینی اور لبنانی بہن بھائیوں کی مدد میں حکومت کا ساتھ دیں۔
وزیراعظم نے وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ و لبنان کے حوالے سے بھرپور آگہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، معاونِ خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، چیئرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔