امریکی ایوان نمائندگان کا صدر جو بائیڈن کو خط، عمران خان کی رہائی کا مطالبہ

Published On 24 October,2024 08:49 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان کے 60 سے زائد اراکین نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے کیلئے امریکی صدر جوبائیڈن کو خط لکھ دیا۔

ایوان نمائندگان کے اراکین نے اپنے خط میں کہا کہ سابق وزیراعظم سمیت پاکستانی جیلوں سے سیاسی قیدیوں کی رہائی کی کوشش کی جائے۔

خط میں صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان سے متعلق امریکی پالیسی میں انسانی حقوق کو مرکز بنایا جائے، پاکستانی حکومت سے بانی پی ٹی آئی کی حفاظت اور خیریت کی ضمانت لی جائے۔

اراکین کی جانب سے لکھے گئے خط میں امریکی سفارتخانے کے اہلکاروں سے جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔

امریکی رکن گریگ کیسارکا کہنا تھا کہ امریکی اراکین کی جانب سے امریکی خارجہ پالیسی کے دیرینہ ناقد اور واشنگٹن کے ساتھ کشیدہ تعلقات رکھنے والے سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی رہائی کیلئے اجتماعی مطالبہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2022 میں وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد عمران خان کے خلاف درجنوں مقدمات درج ہوئے اور وہ اگست 2023 سے جیل میں ہیں۔