5 سال سے زیادہ عرصے سے لاپتا افراد کے خاندانوں کو حکومت معاوضہ دے گی: عدالت

Published On 28 October,2024 12:20 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائی کورٹ نے لاپتا افراد سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ 5 سال سے زیادہ عرصے سے لاپتا افراد کے خاندانوں کو حکومت معاوضہ دے گی۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے 13 لاپتا افراد کے کیسز کی سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے رپورٹ طلب کر لی۔

چف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ 5 سال سے زیادہ عرصے سے مسنگ پرسنز کے خاندانوں کو حکومت معاوضہ دے گی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ یو این کنونشن میں بھی یہ بات تھی، اس کا کیا ہوا؟ کیا حکومت نے متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دیا؟ عدالتی استفسار پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ آئندہ سماعت پر اس سے متعلق رپورٹ پیش کرتا ہوں۔

بعدازاں پشاور ہائی کورٹ نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے لاپتا افراد سے متعلق کیسز کی سماعت ملتوی کردی۔