پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد سے متعلق کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو طلب کر لیا۔
چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم کے حکم پر ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا عدالت میں پیش ہوئے۔
خیبر پختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس کو ہم دیکھ رہے ہیں، وزیر اعلیٰ میٹنگز میں مصروف ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سی سی ٹی وی ویڈیو میں بھی صاف نظر آ رہا ہے، درخواست گزار کو ضمانت کے باوجود جیل کے سامنے سے اٹھایا گیا۔
چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ وزیرِ اعلیٰ آج ہی عدالت میں پیش ہوں، میں بیٹھا ہوں، اس کیس میں وزیرِ اعلیٰ سے پوچھیں گے، کیس کا اب فیصلہ کریں گے، بہت ہو گیا۔
چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ آپ کال کر کے پوچھ لیں، وقت ہو تو آج، نہیں تو جمعے کو پیش ہوں، آپ جیل کے گیٹ سے کسی کو گرفتار نہیں کر سکتے ہیں، ضمانت کے باوجود کیسے کسی کو گرفتار کرتے ہیں؟ ہم قانون پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے لاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو آج ہی پیش ہونے کا حکم دے دیا۔