اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
علی امین گنڈاپور نے کارکنوں کو واپس جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اداروں کے ساتھ ٹکراؤ نہیں چاہتے، ہم نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے، دوبارہ آئیں گے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے آج کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا اور پارٹی رہنماؤں کو احتجاج کے ختم کرنے سے متعلق آگاہ کر دیا گیا، بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی کارکنوں کے نام پیغام میں کہا کہ محفوظ رہیں اور بحفاظت واپس جائیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے لیاقت باغ کے مقام پر احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا۔
احتجاج کے سلسلہ میں پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان مختلف علاقوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا اور متعدد مقامات پر پی ٹی آئی کے کارکنوں پر شیلنگ بھی کی گئی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور قافلے کے ساتھ راولپنڈی کے قریب پہنچے لیکن برہان پل پر بڑے کنٹینرز لگا دیئے گئے اور ان کی گاڑی کے ٹائرز سے ہوا نکال دی گئی، راستہ نہ ہونے کے باعث قافلے میں شامل کئی گاڑیاں واپس ہوگئی تھیں۔