دوحا: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 'منظر' نمائش پاک قطر مضبوط تعلقات کی عکاس ہے، قطر کی قیادت کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کے عزم کو سراہتے ہیں۔
نیشنل میوزیم آف قطر میں نمائش’منظر‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قطر ہمارا دوسرا گھر ہے، قطر کے امیر کی جانب سے دورے کی دعوت پر مشکور ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا امیر قطر کے ہمراہ میوزیم کا دورہ، فن پاروں کی تعریف
شہباز شریف نے کہا کہ منظر نمائش کے ذریعے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کا موقع ملا، نمائش سے دونوں ملکوں کی ثقافت کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ قطر میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے مابین تعلقات مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، نمائش کے انعقاد پر قطر میں مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان 5 ہزار سالہ قدیم تہذیبی ورثہ رکھتا ہے، پاکستان کے نامور مصوروں اور خطاطوں کے فن پارے عالمی شہرت رکھتے ہیں، قطر میں پاکستانی سفارت خانے نے نمائش کے انعقاد میں نمایاں کردار ادا کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وزیراطلاعات عطا تارڑ نے نمائش کے کامیاب انعقاد کے لیے اہم کردار ادا کیا، قطر میوزیم کے ذریعے ثقافتی سفارت کاری کو فروغ دیا جا رہا ہے، چاہتے ہیں کہ مستقبل میں بھی ایسی نمائش منعقد ہوتی رہے۔