وزیراعلیٰ سندھ کا ملیر ایکسپریس وے کا اچانک دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا

Published On 04 November,2024 03:27 am

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملیر ایکسپریس وے کا اچانک دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو نیاز ملیر ایکسپریس کے تعمیراتی کام سے متعلق نیاز سومرو نے بریفنگ دی، وزیراعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک کو اپنی تنصیبات کو دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت پر عملدرآمد نہ ہونے پر کہا کہ کے الیکٹرک کو کورنگی کاز وے سے اپنے ہیڈ پولز کو دوسری جگہ منتقل کرنا تھا جو نہ ہوسکا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ نومبر اور دسمبر کے درمیان ہر صورت ملیر ایکسپریس وے کے قائد آباد سیگمنٹ کا افتتاح کروں گا، مجھے منصوبہ جلد سے جلد مکمل چاہئے تاکہ لوگوں کو نقل و حمل میں آسانی ہو، جو بھی انتظامات کرنے ہیں میئر کراچی اور انتظامیہ فوری کر لیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جام صادق برج سے ملیر ایکسپریس وے کا زیرو پوائنٹ ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے کام کی رفتار تیز کرنے پر زور دیا، انہوں نے زیرو پوائنٹ اور شاہ فیصل انٹر چینج کا بھی دورہ کیا، قائد آباد ملیر ایکسپریس وے پر تجاوزات دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔