غذر: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے غذر میں سیلاب متاثرین کے لیے بوبر ماڈل ویلج کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچے، شہبازشریف نےغذر میں سیلاب متاثرین کے لیے بوبر ماڈل ولیج کا افتتاح کیا۔
گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے ببر گاؤں میں 2022 کے سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر شدہ گھروں کے افتتاح کی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر وزیراعظم نے 2022 کے سیلاب متاثرین میں گھروں کے ملکیتی کاغذات تقسیم کیے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر 62 گھروں کی تعمیر مکمل ہوئی، 110 کنال اراضی پر یہ ماڈل ویلج بنایا گیا ہے، صاف پانی اور سولر سے آراستہ ایک سٹور، ایک کچن، 2 باتھ روم اور 2 کمروں پر مشتمل خوبصورت گھر بنائے گئے ہیں۔
گلگت بلتستان کے دورے کے دوران وزیراعظم کو تعمیر شدہ گھروں میں سہولیات کی فراہمی پر بریفنگ بھی دی گئی۔
دوران بریفنگ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 216 کلومیٹر طویل گلگت شندور شاہراہ بھی تعمیر کی جا رہی ہے، گلگت سے گاگوچ، گاگوچ سے تندئی اور تندئی سے شندور تک روڈ شامل ہے، منصوبے پر تعمیراتی کام نومبر 2025 تک مکمل ہوجائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ویلج کی تھرڈ پارٹی توثیق کے بغیر ادائیگی نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
معیاری گھروں کی تعمیر لائق تحسین ہے: وزیراعظم کا خطاب
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگست 2022 میں یہاں آیا تو ہر طرف تباہی کا مںظر تھا، غذر میں سیلاب سے بہت نقصان ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں پورا گاؤں متاثر ہوا، وہ دن تاریخ کا افسوسناک دن تھا، سب غمگین تھے، تاہم یہاں پر آج ایک نئی بستی تعمیر کی جا چکی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج نئی بستی کی تعمیر سے یہاں پر خوشی کا سماں ہے، متاثرین میں گھروں کے ملکیتی کاغذات تقسیم کرکے بے حد خوشی ہوئی، معیاری گھروں کی تعمیر لائق تحسین ہے، متاثرہ بچی کے لیے 50 لاکھ روپے کے فنڈ کا اعلان کیا تھا جو اب 57 لاکھ روپے کر دیا ہے، قوم کی بیٹی قندیل کے گھر کے تمام افراد سیلاب میں جاں بحق ہوئے تھے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ماڈل ویلج میں سکول اور ڈسپنسری کی تعمیر فی الفورشروع کی جائے، ڈسپنسری میں جدید سہولیات ہنگامی بنیادوں فراہم کی جائیں۔