اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جنوبی وزیرستان میں خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے خوارجیوں کا مقابلہ کرتے سکیورٹی فورسز کے چار جوانوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، سپیکر نے نائب صوبیدار طیب شاہ، لانس نائیک گلاب زمان، لانس نائیک مزمل محمود، لانس نائیک حبیب اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سردار ایاز صادق نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا، سپیکر نے کہا کہ شہداء کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں، قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ملکی دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بہادر سپوت ہمارے ہیرو ہیں۔
سپکر قومی اسمبلی کا مزیدکہنا تھاکہ ملک دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔