راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا قوم کیلئے پیغام ہے لاقانونیت کیخلاف باہر نکلیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے پیغام میں وکلاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرف دور میں وکلاء نے عدلیہ کی آزادی کیلئے تحریک چلائی اب انہوں نے عدلیہ پر قبضہ کرلیا اب تحریک کیوں نہیں چلا رہے ؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا قوم کیلئے پیغام ہے اپنے حق کیلئے آواز اٹھائیں، ملک میں جاری لاقانونیت کیخلاف باہر نکلیں، وقت آگیا ہے اب ہمیں قربانی دینا ہوگی، آپ کو آزادی کے لیے کھڑا ہونا پڑے گا۔
علیمہ خان نے بتایا کہ 9 نومبر کے جلسے کے حوالے سے عمران خان کا پیغام ہے کہ سارے ایم این ایز سارے ایم پی ایز وہاں پہنچیں، جو احتجاجی تحریک میں شامل نہیں اس کیلئے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، کل جو ہمارا پروگرام ہے وہیں پر آئندہ کے لیے لائحہ عمل دیں گے۔