کوئٹہ: (دنیا نیوز) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے پی ٹی آئی کی جلسہ کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے 8 نومبرکو ایوب سٹیڈیم یا ہاکی گراونڈ میں جلسہ کرنے کا این او سی جاری کرنے کی درخواست دی تھی۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی جانب سے پی ٹی آئی کے صوبائی صدر کے نام مر اسلہ جا ری کردیا گیا، مراسلے میں کہا گیا پی ٹی آئی کے صوبائی رہنماوں سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے رابطہ قائم نہیں کیا۔
سپیشل برانچ نے اپنی ایک رپورٹ میں پی ٹی آئی کے جلسے اور پی بی 44کے ری پولنگ کے موقع پرامن و امان کے حوالے سے خدشات کا اظہارکیا جبکہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے امتحانات بھی ایوب سٹیڈیم میں ہورہے ہیں، ایوب سٹیڈیم میں جگہ موجود نہیں ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ نے بھی کہا کہ پولیس کی نفری ایوب سٹیڈیم میں جاری امتحانات کے تحفظ میں مصروف ہے، بلوچستان حکومت نے کھیلوں کے میدانوں میں سیاسی جلسوں پرپابندی بھی عائد کررکھی ہے۔
مراسلہ میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، خلاف ورزی کرنے پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔