26 ترمیم محترمہ شہید کا خواب تھا، عمران سمیت کسی کیخلاف نہیں، خورشید شاہ

Published On 08 November,2024 10:52 pm

سکھر: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ یہ چھبیسویں ترمیم محترمہ کا ایک خواب تھا تاکہ ادارے آزاد اور خودمختار ہوں، 26 ویں ترمیم بانی پی ٹی آئی سمیت کسی کے خلاف نہیں۔

سکھر میں اپنی رہائشگاہ پر صحافیوں کے وفد کے ساتھ غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ 2006 میں اس مسودے پر کام ہوا، اس وقت کسی کو معلوم نہیں تھا کہ بانی پی ٹی آئی بھی کبھی وزیر اعظم بنیں گے، بانی پی ٹی آئی اس وقت سیاسی طور پر نابالغ تھے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس ترمیم کے مسودے پر بانی پی ٹی آئی کے بھی دستخط ہیں، مولانا کے دستخط نہیں ہیں مگر اس کے مسودے کی تیاری اور تحریر پر انہوں نے حمایت کی تھی۔

صحافی نے سوال کیا کہ سنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان بانی پی ٹی آئی سے ملنے جیل جا رہے ہیں، جس پر خورشید شاہ نے کہا کہ اللہ کرے مولانا فضل الرحمان بانی پی ٹی آئی سے ملنے جیل چلے جائیں، ہم سہولت کار بنیں گے، مولانا کی جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو اور تصویر جاری ہو، یہ نوجوانوں کے لیے اچھا پیغام ہوگا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ عمران خان اپنی تقاریر میں مولانا کے لیے کیا کہتے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی اچھی بات ہے امید ہے امریکہ پاکستان تعلقات مزید بہتر ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خود مختار ملک ہے، نہ ہم نے امریکی انتخابات میں مداخلت کی اور امریکا بھی ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریگا، بانی پی ٹی آئی کے متعلق فیصلہ پاکستان کی عدالتیں کریں گی۔