اوورسیز کی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، یوسف رضا گیلانی

Published On 09 November,2024 12:57 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیداد کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین اوورسیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا کے ساتھ ملاقات کی، ملاقات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پراپرٹی کے تحفظ کیلئے خصوصی عدالت کے قیام کے بل کی منظوری اہم پیش رفت ہے، بل کے تحت خصوصی عدالتیں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر ناجائز قبضے سے متعلق مسائل نوے دن میں نمٹائیں گی، بیرون ملک پاکستانی ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

قائم مقام صدر نے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا، چیئرمین اوورسیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے خصوصی عدالتوں کے قیام کیلئے حکومتی کاوشوں کو سراہا۔