انٹرا پارٹی الیکشن معاملہ، پی ٹی آئی نے دوسری نظرثانی اپیل دائر کردی

Published On 12 November,2024 05:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے انٹراپارٹی الیکشن کے معاملے پر سپریم کورٹ کے 21 اکتوبر 2024 کے فیصلے کیخلاف دوسری نظر ثانی اپیل دائر کردی۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 21 اکتوبر کا فیصلہ یکطرفہ طور پر دیا، قاضی فائز عیسیٰ کے بانی پی ٹی آئی اور تحریک انصاف سے متعلق ریمارکس اور فیصلے ان کے متعصب رویے کو واضح کرتے ہیں۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ ایڈووکیٹ حامدخان نے قاضی فائز عیسیٰ کے متعصب ریمارکس اور رویے پر دلائل دیے جن کو نہیں سنا گیا۔

تحریک انصاف نے نظرثانی درخواست میں مخصوص نشستوں سے متعلق قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کابھی ذکر کیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے 13 جنوری اور 21 اکتوبر کے فیصلوں کے خلاف اپیل منظور کی جائے، پی ٹی آئی کی نظرثانی درخواست پر دوبارہ سماعت کی جائے۔