لندن: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ خراب تعلقات کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان آنا چاہیے تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ماضی کے تعلقات کو سدھارنے کی ضرورت ہے، اچھی بات ہوتی کہ بھارتی ٹیم پاکستان آکر کھیلتی، امید ہے جلد ایسا وقت آئے گا۔
پاکستان کے ہر ملک کے ساتھ اچھے تعلقات ہونے چاہئیں، شہباز شریف معیشت کی بحالی کیلئے اچھے اقدامات کررہے ہیں، پاکستان میں مہنگائی مسلسل نیچے آ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افسوس ناک ہے کہ ایک پارٹی نے بدتمیزی کے کلچر کی بنیاد رکھی، گاڑیوں کے پیچھے بھاگنا اور تعاقب کرنا، ٹماٹر انڈے پھینکنا افسوناک ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ اگر آپ کی قسمت میں احتجاج لکھا ہے تو اچھے طریقے سے کریں، نوجوان لڑکوں کو لگایا ہے کہ گاڑیوں کے پیچھے بھاگو اور گندے نعرے لگاؤ۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم نہ بھیجنے کے بی سی سی آئی کے فیصلے پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے مائنس انڈیا فارمولے پر غور شروع کر دیا۔
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ جس میں کرکٹ بورڈ نے بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کی وجوہات طلب کی ہیں۔
دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی پر بھارتی ہٹ دھرمی اور پاکستان کے صاف مؤقف پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھی پریشان ہے۔